ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / اسپین:تیر کر آنے والے مہاجرین کی ہلاکت، از سر نو تفتیش

اسپین:تیر کر آنے والے مہاجرین کی ہلاکت، از سر نو تفتیش

Sat, 14 Jan 2017 19:05:05  SO Admin   S.O. News Service

میڈرڈ،14جنوری/(ایس  اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ایک ہسپانوی عدالت نے مراکش سے تیرتے ہوئے سمندر پار ہسپانوی علاقے سییُوٹا پہنچنے کی کوشش کرنے والے پندرہ تارکین وطن کی ہلاکت کے اسباب جاننے کے لیے از سر نو تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔15تارکین وطن کی ہلاکت کا یہ واقعہ چھ فروری 2014ء کو اس وقت پیش آیا تھا جب ڈھائی سو سے زیادہ تارکین وطن نے مراکش سے تیرتے ہوئے سمندر پار ہسپانوی علاقے سییُوٹا میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں ان ہلاکتوں کا ذمہ دار ہسپانوی کوسٹ گارڈز کو قرار دیتی رہی ہیں جنہوں نے مبینہ طور پر تیرتے ہوئے تارکین وطن پر ربڑ کی گولیاں چلائی تھیں۔ہسپانوی حکام نے ابتدائی طور پر ایسے الزامات کی تردید کی تھی تاہم بعد ازاں اسپین کی وزارت داخلہ نے سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی تھی جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کوسٹ گارڈز تیر کر سییُوٹا پہنچنے والے افراد پر ربڑ کی گولیاں چلا رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ربڑ کی گولیاں مہاجرین کے ڈوبنے کا سبب نہیں بنیں لیکن انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کا الزام ہے کہ انہی گولیوں کے سبب مہاجرین کی لائف جیکٹوں میں سوراخ ہو گئے تھے۔ زیادہ تر پناہ گزین تیرنا نہیں جانتے تھے اور لائف جیکٹیں ناکارہ ہونے کے باعث وہ ڈوب کر ہلاک ہوئے۔اس روز بیس تارکین وطن تیرتے ہوئے ہسپانوی علاقے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے تھے جنہیں فوری طور پر واپس مراکش بھیج دیا گیا تھا۔ بعد ازاں کوسٹ گارڈز کو پندرہ پناہ گزینوں کی لاشیں ملی تھیں۔ ان ہلاکتوں کی تحقیقات کرنے والی عدالت نے ناکافی ثبوت ہونے کی بناء پر تحقیقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

 ہسپانوی حکام نے اس واقعے کی تحقیقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تین تنظیموں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر ایک ہسپانوی عدالت نے از سر نو تفتیش کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔بحیرہء روم کا مغربی راستہ کہلایا جانے والا یہ راستہ مراکش سے سپین تک جاتا ہے۔ یہ راستہ تارکین وطن میں بہت مقبول نہیں ہے جس کی ایک بڑی وجہ ہسپانوی حکومت کی جانب سے ملکی سمندری حدود کی مسلسل نگرانی ہے۔ سمندری راستے کے علاوہ دو سمندر پار ہسپانوی علاقوں سییُوٹا اور میلِیّا کی سرحدیں بھی مراکش سے ملتی ہیں، جنہیں بلند و بالا سرحدی باڑ نصب کر کے محفوظ بنایا گیا ہے۔


Share: